سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے باعث لانگ مارچ دو دن آگے کی درخواست پر عمران خان نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان سازش کے تحت فوج اور آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج تک کسی رہنما نے قومی اداروں کیخلاف عمران خان جیسی زبان استعمال نہیں کی، ایکسٹنشن دینے کے بعد اب عمران خان جنرل باجوہ کو جنرل ایکس کہہ رہے ہیں، فوج کے حوالے سے جنرل باجوہ کو خود ایکسٹینشن دی۔
سردار تنویز الیاس نے بتایا کہ پی ٹی آٸی کی سی ای سی میں سینٸر فوجی افسران کو نک نیمز سے پکارا جاتا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین نے قومی اداروں کے خلاف مختلف بیانیے بنائے۔ اس سے بڑا طعنہ کیا ہوسکتا ہے کہ کسی کو جانور کہا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ای سی کی میٹنگ میں پاکستانی فوج کو ہندوستانی فوج کی طرح دیکھا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے دو دن قبل تحریک انصاف کا لانگ مارچ اسی سازش کی کڑی تھی، ہم نے عمران خان سے کہا آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، مارچ دو دن آگےکریں، تو عمران خان نے کہا جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے وقت عمران خان چاہتے تھے فوج اسے ناکام بنائے، فوج نے اس ساری صورتحال میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پارٹی میٹنگ میں کہا اب فوج مخالف بیانیہ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند دن بعد کاغذ کا ٹکڑا لہرا کر اپنی فوج کو میرجعفر اور میرصادق جیسے القابات سے نوازا گیا، عمران خان نوجوانوں کے ذہنوں میں فوج کے خلاف جذبات بھڑکا رہے ہیں۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھاکہ سلیپر سیلز کے ذریعے فوجی تنصیبات پر حملے کرائے جارہے ہیں، عمران خان کے دور حکومت میں بدترین گورننس رہی۔