پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے اور توڑ پھوڑ میں ملوث 76 شر پسند گرفتار کر لیے گئے، جبکہ ریڈیو پاکستان کو آگ لگانے والوں کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔
جی ایچ کیو حملے کے 26 ملزمان کو اتوار کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ پولیس نے میٹرو بس اسٹیشنز کو جلانے والے 27 ملزمان بھی دھر لئے۔
سی پی او خالد ہمدانی کہتے ہیں گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کو اپنے کیئے کی سزا ضرور ملے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس 17 مقدمات میں 264 افراد کو گرفتار کر چکی ہے، جبکہ مقدمہ نمبر 708 تھانہ آراے بازار (جی ایچ کیو کیس) میں کل گرفتار شرپسندوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز گرفتار ہونے والے شرپسندوں میں احسان، عبداللہ، ادریس، وقاص، ایاز، قمر الزمان، عمر، علی حسین، فرہاد اللہ، عصمت، ابوبکر، قمر زمان، سجاد منیر، نبیل، صداقت، نعمان، عامر شاہد، فرہاد، شہریار، لعل شاہ، اکمل، عدیل، پیرزادہ شہباز، ارشد، منور اور سید قمر شامل ہیں۔
سی پی او نے کہا کہ ویڈیوز کے ذریعے شناخت کر کے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، ویڈیو میں پٹرول چھڑکتا ہوا نظر آنے والا شخص بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ہجوم کو جی ایچ کیو گیٹ کی جانب اکسانے والا شخص بھی دھر کرلیا گیا۔ گیٹ کو توڑنے والوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگاموں کے دوران شاہراہیں چلتی رہیں اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بھی محفوظ رہی، میٹرو بس کا 80 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، 20 کے قریب پولیس گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پر تشدد کاروائیوں میں ایس ڈی پی او وارث خان اور ایس ایچ او رتہ امرال سمیت 29 افراد و جوان زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں انٹیلی جنس کا فقدان نہیں تھا، انہوں نے بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے راولپنڈی میں حالات زیادہ خراب نہیں ہوئے، نقصانات کا تخمینہ حکومت لگا رہی ہے۔ جو جو گھناؤنے جرم میں ملوث ہے ان کی تفتیش نہایت جامع ہوگی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن زنیرہ اظفر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی حساس اداروں سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ پہلے سے جیل بھجوائے گئے 90 کے قریب ملزمان کو بھی شواہد کی بنیاد پر ان مقدمات میں قانون کے مطابق طلب کیا جا رہا ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ شرپسندوں کی لیڈر شپ کی گرفتاریوں کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، شرپسند ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ریڈیو پاکستان اور دیگر املاک کو آگ لگانے اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں سابق ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم اور اشتیاق ارمڑ کے پرنسل اسسٹنٹ سمیت 296 پر تشدد مظاہرین کی نشاندہی ہوگئی۔
نشاندہی ہونے والے مظاہرین کی فہرست متعلقہ تھانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ارسال کردی گئی ہے۔