صوبہ سندھ کے سالانہ بجٹ کی تیاری جاری ہے۔ صوبائی محکمہ خزانہ اور متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
محکمہ خزانہ سندھ نے تمام ملازمین کی ہفتہ وار چھٹی بھی منسوخ کردی ہے۔ اب ملازمین ہفتہ اور اتوار کے روز بھی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔
ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق سندھ کا آئندہ مالی سال کا بجٹ زیادہ تر سیلاب سے متعلق ہوگا، سیلاب اور بارش سے ہونے والے نقصان کی بحالی کیلئے 160 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت کی وفاق کو بجٹ میں 280 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ محکمہ خزانہ سندھ نے وفاقی حکومت کو تجویز ارسال کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب سے تباہ اسکولوں کی بحالی کیلئے ایشین ڈیویلپمنٹ بینک قرضہ دینے پر تیار ہے، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کی جانب سے اسکولوں کی بحالی کیلئے 80 ارب روپے دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع محکمہ خزانہ سندھ کے مطابق اس سال ترقیاتی بجٹ میں بڑا اضافہ متوقع ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں 484 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تھا۔