لاہورہائیکورٹ نے لبرٹی سے گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 17 خواتین کی نظر بندی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے خواتین کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زیر حراست تین خواتین کو گزشتہ رات رہا کردیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ 3 خواتین کو ان کے والد کی وفات کے باعث رہا کیا گیا ہے، 17 خواتین پی ٹی آئی کی متحرک کارکن ہیں، عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان خواتین کو نظر بند کیا گیا، پرامن احتجاج کرنے پر خواتین کو نظربند کرنا آئین کے خلاف ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ ڈپٹی کمشنر کا نظر بند کرنے کا حکم کالعدم قرار دے اور نظربند خواتین کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے 17 خواتین کی نظر بندی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔