کراچی کے علاقے مدینہ کالونی میں شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق مدینہ کالونی میں پولیس مقابلہ میں ایک ملزم ہلاک ہوا ہے جبکہ کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 5 جے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ناصر خٹک نامی شہری کو ہلاک کیا تھا۔
فدا حسین جانوری نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز سُن کرعلاقے میں گشت پر مامور پولیس پارٹی نے فوری موقع پر پہنچ کر ملزمان کا تعاقب کیا، تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں روبی موڑ پر ایک ڈکیت ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم کی شناخت فیصل جبکہ گرفتار ملزمان کی شناخت یاسر اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ و موٹرسائیکل برآمد کرکے مقدمات کا اندراج و مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب کورنگی انڈس اسپتال شیل پمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شہری اور ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے شہری کی شناخت مشتاق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ڈاکو کی شناخت علی اصغر کے نام سے کی گئی ہے۔