بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز 12 اور 13 مئی کو کئے جانے والے مسلم باغ میں آپریشن میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، مارے جانے والے 6 دہشت گردوں میں کالعدم بی ایل ایف کا دہشت گرد سرغنہ عصمی عرف وفا بھی ہلاک ہوگیا۔
بلوچستان میں ایف سی کمپاؤنڈ مُسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جس دوران تمام 6 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ہیں۔
اس آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگرد عصمی دہشتگردی بھتہ خوری، قتل و غارت کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا، جس نے اپریل 2019 میں مسافر بس پر اُرماڑہ کے علاقے بُوزی ٹاپ پر حملہ کیا، اس حملے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔
عصمی نے اکتوبر 2020 میں کئی دیگر گاڑیوں کو بُوزی ٹاپ پر گھات لگا کر نشانہ بنایا، جون 2021 بلوچستان کے علاقے حوشاب میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا، نومبر میں حوشاب میںں ہی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپ کا حصہ بھی بنا ۔
مئی 2022 میں بھی عصمی نے حوشاب میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کمپاؤنڈ مُسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن 12مئی کی شام حملہ پسپا کرنے کے بعد شروع ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا جس میں 6 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ کلیرنس آپریشن کے دوران یرغمالیوں کو ریسکیو کرنا تھا اور رہائشی بلاک سے3 خاندانوں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ اس دوران ایک شہری سمیت7 فوجیوں نے جان کانذرانہ پیش کیا۔
بلوچستان میں ایف سی کمپاؤنڈ مُسلم باغ حملے میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نائیک امین اللہ، لانس نائیک عبدالمناف اور اسٹینو ٹائپسٹ غلام فرید کی بھی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایف سی کیمپ میں جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں کور کمانڈر کوئٹہ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ آفسیرز نے شرکت کی۔
جبکہ دیگر شہداء کی نماز جنازہ ان کےآبائی علاقوں میں ادا کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے، دہشتگردوں کے مکمل قلع قمع تک کاوشیں جاری رہیں گی