پشاور پولیس لائن مسجد خودکش حملے میں زخمی ہونے والے ڈی ایس پی فضل الرحمان طویل علالت کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
شہید ڈی ایس پی فضل الرحمان کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے دعا کی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس محمد وصال فخر سلطان راجہ، ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹرز صابر احمد، سی سی پی او محمد اعجاز خان، ایس ایس پی آپریشن ہارون الرشید اور دیگر پولیس افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے۔
واضح رہے کہ ڈی ایس پی فضل الرحمان اس وقت ڈی ایس پی انوسٹی گیشن صدر سرکل تعینات تھے، جوکہ پولیس لائنز مسجد حملے میں زخمی ہو کر لیڈنگ ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
پولیس لائنزکی مسجد میں خودکش حملہ 30 جنوری کو ہوا تھا جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر پولیس اہلکاروں سمیت 59 افراد شہید جبکہ 140 زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ دوران علاج کئی زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد شہداء کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔