صدرمملکت نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط میں کہا ہے کہ یقینی بنائیں کہ عمران خان کےحقوق پامال نہ ہوں۔
صدرمملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں ںے کہا ہے کہ میں اورعوام اس واقعہ کی ویڈیو دیکھ کر حیران رہ گئے، جس میں ایک سابق وزیر اعظم کے ساتھ بدسلوکی دکھائی گئی۔
صدر پاکستان نے کہا کہ ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس دفتر میں زبردستی داخل ہوئے جہاں عمران خان کی بائیو میٹرک کا عمل جاری تھا، عمران خان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، اور جس انداز میں ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اس سے عالمی برادری میں پاکستان کا تاثر داغدار ہوا، ملک دشمنوں کو پاکستان کا مذاق اڑانے اور اپنے شہریوں کے حقوق پامال کرنے والے ملک کے طور پر پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔
صدر مملکت نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ اس قسم کا واقعہ کسی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، عمران خان ایک مقبول رہنما جسے پاکستانی عوام کی بڑی حمایت حاصل ہے، ان کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو ان کی گرفتاری کے ایسے مناظر دیکھ کر جذباتی ہوئی۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی وجہ سے ٹانگ زخمی ہونے کے باوجود سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے ان کے رہنما کو گھسیٹا گیا، یہ دردناک واقعہ مسلح افواج کی عمارتوں سمیت عوامی املاک پر ہجوم کے حملوں کا باعث بنا، عوام کو احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن انہیں پرامن اور قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے۔