Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 مئ 2023 11:27am

قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی انتخابات کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 3 خالی حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی انتخابات کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ اجلاس میں اسکروٹنی کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئی کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے رپورٹ 15 دن کے اندر کمیشن کو جمع کرائیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کے خطوط اور شکایات پر بھی غورکیا گیا جبکہ 7 مئی کے ضمنی انتخابات میں حیدر آباد کی یونین کونسل 119 میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 15 مئی کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کے 3 حلقوں این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورنگی کراچی میں 28 مئی کو ضمنی انتخاب ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر، آر او، ڈی آر او، ڈی پی او سے 3 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔

امیدواران، آر او ، ڈی آر او، متعلقہ عملے اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر کو 15 مئی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

Read Comments