پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدرشاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری املاک کو پی ٹی آئی کارکنان نے نہیں بلکہ سرکاری عناصرنے ہی نقصان پہنچایا ہے۔ جب کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کارکنان احتجاج پر امن رکھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا کوریج سے لگ رہا ہے کہ ایک ہی جگہ سے ٹکرز بن رہے ہیں، تحریک انصاف کو پرتشدد جماعت ثابت کیا جا رہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کارکنوں سےکہتا ہوں احتجاج پر امن رکھیں، عوام اور فوج کو لڑانے کی سازش لازمی طور ناکام بنائیں، ملک بھی ہمارا ہے،فوج بھی ہماری ہے۔
جیونیوز سے گفتگو میں شاہ محمود نے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ’ہمیں عمران خان تک رسائی نہیں دی جارہی،رسائی دیں گے تو پتا چلے گا۔ انہوں نے جو کمیٹی بنائی تھی اس کی پہلی میٹنگ تھی، یقیناً پرویزالٰہی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ عمران خان کی قیادت پر سب کو اعتماد ہے۔ انہوں نے مجھے جو ذمہ داری دی سب اس پر اعتماد کریں گے اور یہ وقتی ہے،چیئرمین عمران خان ہیں اوررہیں گے‘۔
شاہ محمود قریشی نےجی ایچ کیو اورکورکمانڈرہاؤس میں اشتعال انگیز کارروائیوں سے متعلق پارٹی حکم کے حوالے سے استفسار پرکہا کہ، ’سرکاری املاک پر حملے پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں،ہمارے جلسے اور لانگ مارچ دیکھیں ہم نے کبھی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا، سرکاری عناصر یہ کام کررہے ہیں اور ان سے کروایا جارہا ہے، ہم حکومت کے حربوں اورحملوں کی مذمت کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ، ’اسکی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو سازش کے تحت جمع کیا گیا، ان سے وہ کام کروائے گئے تاکہ ملبہ تحریک انصاف پر ڈالا جائے۔ عمران خان کی سیاست میں تشدد نہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی وجہ بتائی جائے، اس گرفتاری میں بدنیتی شامل ہے، عمران خان کے چاہنے والوں کا حق ہے کہ پرامن احتجاج کریں، پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا۔ میں موجودہ سرکار کے حربوں کی مذمت کرتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود کا کہناتھا کہ، ’حکومت کے ساتھ مذاکرات؟ خدا کا خوف کریں‘۔