Aaj Logo

شائع 10 مئ 2023 12:16pm

پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنان کو جلاﺅ گھیراﺅکی ترغیب دیتے رہے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنوں کو جلاﺅگھیراﺅ کی ترغیب دیتے رہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کے ردعمل پر بیان دیتے ہوئے وفاقی اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عمران خان کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا، وہ نیب کو مطلوب تھے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ القادرٹرسٹ کیس میں عمران خان نے جواب داخل کرنا تھا، انہیں نیب کی جانب سے کم از کم 15 نوٹسز بھیجے گئے تھے، نیب اس کیس کی تحقیقات کر رہی تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل پورے ملک نے دیکھا، کل پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنوں کو جلاﺅ گھیراﺅ کی ترغیب دیتے رہے، اور آج پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں کہ کل جو ہوا ہم نے نہیں کیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ کل کیوں نہیں بولے تھے کہ یہ ہمارے لوگ نہیں ہیں، کوئی سیاسی جماعت اس طرح کا ردعمل نہیں دیتی۔

پس منظر

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز دوپہر 2 بجے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود میں موجود دفترسے اس وقت گرفتار کیا جب وہ کمرے میں بیٹھے اپنا بائیو میٹرک کروا رہے تھے۔ نیب نے سابق وزیراعظم کو بدعنوانی کے الزام میں القادرٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اس اچانک گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکن مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار راولپنڈی میں واقع پاک فوج کے ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) اور لاہور میں کورکمانڈر ہاؤس میں بھی گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

شدید ردعمل کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پرپی ٹی اے نے ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔ عوام کو فیس بک، یو ٹیوب ، ٹوئٹر اور انسٹاگرام تک رسائی انتہائی محدود ہے

Read Comments