سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہور رہائش گاہ جاتی امرا کے اطراف کے راستے سیل کردیئے گئے۔
گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہوگئے اور مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے واقعات پیش آئے۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے فیصل آباد میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر پتھروں سے حملہ کیا اور رانا ثناء اللہ کے پوسٹر کو بھی نذر آتش کیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ جب کہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ آفس پر بھی دھاوا بولا ہے۔
آج بھی تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ احتجاج اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور میں واقع جاتی امرا رہائش گاہ جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنان کو جاتی امرا جانے سے روکنے کیلئے پولیس نے جاتی امرا کے اطراف راستے بھی سیل کردیئے ہیں۔ ، اور راستوں پر کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز دوپہر 2 بجے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود میں موجود دفترسے اس وقت گرفتار کیا جب وہ کمرے میں بیٹھے اپنا بائیو میٹرک کروا رہے تھے۔ نیب نے سابق وزیراعظم کو بدعنوانی کے الزام میں القادرٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا۔
اس اچانک گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکن مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروقع کردیے، ملکی تاریخ میں پہلی بار راولپنڈی میں واقع پاک فوج کے ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) اور لاہور میں کورکمانڈر ہاؤس میں بھی گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
شدید ردعمل کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر پی ٹی اے نے ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔ عوام کو فیس بک، یو ٹیوب ، ٹوئٹر اور انسٹاگرام تک رسائی انتہائی محدود ہے۔
پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سابق وزیراعظم کو چرات گئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر ایچ 11 میں منتقل کرتے ہوئے پولیس لائن کو سب جیل کا درجہ دے دیا گیا۔وفاقی حکومت نے یہ اقدام نیب کی درخواست پر کیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق آج احتساب عدالت میں عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت ایف ایٹ کمپلیکس کے بجائے ایچ الیون پولیس لائنز میں ہوگی۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان پرفرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ بھی آج ہوگا، ایڈیشنل سیشن جج ہمائیوں دلاور نے انہیں فردجرم عائد کرنے کیلئے طلب کررکھا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میاں عمر کی سربراہی میں ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی سے پولیس لائن کے گیسٹ ہاؤس میں تفتیش کرے گی۔