کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اے کے آپریشن کے دوران فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق ہوگیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ڈی اے کے مطابق مشین آپریٹر کو سر میں گولی لگی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ڈی اے نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 8 ایل ایس 64 پر تجاوزات کا خاتمہ کررہے تھے کہ اچانک گھروں کی چھتوں سے فائرنگ شروع ہوگئی۔
کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا نے مشین آپریٹر کو نشانہ بنایا، اس وقت آپریشن روک دیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں بلڈنگ کے نیچے سے گزرنے والی 3 بچیاں زخمی ہوئی ہیں، جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کا حصہ پرانا اور سیم ہونے کی وجہ سے گرا، بلڈنگ میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث عمارت کو خالی کروایا جارہا ہے۔