تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہنا ہے کہ عزت صرف ایک ادارے کی نہیں ہر شہری کی ہونی چاہئے، مقدس گائے خود کو قانون سے اوپر سمجھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کی گزشتہ روز جاری ہونے والی پریس ریلیز پر ایک بار پھر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عزت صرف ایک ادارے کی نہیں ہر شہری کی ہونی چاہئے۔
عمران خان نے کہا کہ میں قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں، مجھے جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے، اس آدمی نے مجھے 2 بار قتل کرانے کی کوشش کی، سوشل میڈیا کے دور میں سب جانتے ہیں کہ وہ کون ہے، میں سابق وزیراعظم ہونے کے باوجود اپنی ایف آئی آر درج نہ کرا سکا۔
پارٹی کے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ پرویڈیو پیغام میں عمران خان نے اپنے بیان کو ’ادارے/فوج کی توہین‘قراردینے پر کڑے الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا، ’ آئی ایس پی آرصاحب ! ذرا میری غور سے بات سُنیں۔ عزت صرف ایک ادارے کی نہیں، قوم کے ہرشہری کی ہونی چاہئیے’۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پنجاب کی حکومت ہوتے ہوئے ان کا نام ایف آئی آر میں نہ ڈال سکے، 2 افسران نے جی آئی ٹی میں آنے سے انکار کردیا، جے آئی ٹی میں ثابت ہو گیا کہ 3 شوٹر تھے، لیکن اس رپورٹ کو ثبوتاژ کیا گیا، اس سب کے پیچھے کون تھا، کون ہے اتنا طاقتور، جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، سی ٹی ڈی اور وکلا کے بھیس میں کچھ لوگ وہاں موجود تھے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ مقدس گائے خود کو قانون سے اوپر سمجھتی ہے، ادارہ کالی بھیڑوں کے خلاف ایکشن لے کر اپنی ساکھ بہتر بناتا ہے، آپ تنقید کرنے والے کا منہ بند کرا کے اپنے ادارے کا نقصان کر رہے ہیں، شوکت خانم میں کوئی غلطی کرے تو اس کے خلاف ایکشن ہوتا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ میں عدالت میں پیش ہو رہا ہوں، پولیس کو بلانے کی ضرورت نہیں، کسی کے پاس وارنٹ ہے تو لائے، گرفتاری دے دوں گا، مجھ پر کوئی کیس نہیں ہے، ذہنی طور پر گرفتاری دینے اور جیل میں جانے کیلئے تیار ہوں۔