اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری کے نتیجے میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے 3 کمانڈر سمیت 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے غزہ اور رفاہ کے علاقے لرز اٹھے، فضائی حملوں کے نتیجے میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی طیاروں نے دونوں شہروں میں رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی حملے اسلامی جہاد موومنٹ کے رہنماؤں پر کیے گئے ہیں، شہید ہونے والوں میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے 3 کمانڈر بھی شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت سینئر کمانڈر جہاد الغنام، خلیل البہطینی، طارق عزالدین کے نام سے ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحدی کراسنگ بھی بند کر دی۔
دوسری جانب فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے جنوبی اسرائیل میں خصوصی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اور غزہ کی اسرائیل سے جڑی سرحد بند کردی ہے۔
جوابی کارروائی کا خطرہ ہونے کے سبب اسرائیل نے اپنے جنوبی علاقے کے شہریوں کو بم شیلٹرز میں رہنے کا مشورہ دے دیا ہے اور آج اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔