لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے درخواست دائر کرنے والے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
لاہورہائی کورٹ میں پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلئے شہری شرافت علی نے درخواست دائر کی، جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔
شرافت علی کے وکیل عادل چٹھہ نےدلائل دئیے، اور مؤقف پیش کیا کہ سابق وزیر اعلی پرویز الہی نے غیر قانونی طور پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجی، پرویز الہی کوعوامی نمائندگی کےخاتمےکاکوئی اختیار نہیں تھا۔
وکیل نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی کہ اسمبلی کی تحلیل سے پنجاب کے عوام اپنے مینڈیٹ کی نمائندگی سے محروم ہیں، پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اقدام غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، عدالت پنجاب اسمبلی کی فوری بحالی کے احکامات صادرکرے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ کس طرح کی درخواست دائر کی ہے۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور درخواستگزار پر ایک لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔