Aaj Logo

شائع 07 مئ 2023 07:05pm

آرمی چیف کا سی پیک منصوبے کے لیے مکمل تعاون کا اعلان

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ چن گانگ سے ملاقات کی، اس دوران علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران پاکستان چائنہ اسٹریٹجک تعلقات کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے اہم جزو چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کے لئے بھی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

آرمی چیف نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کے لئے چین کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا، چینی وزیر خارجہ کن گانگ نے برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا، دونوں شخصیات نے خطے میں سیکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں چین کے کردار کو بھی سراہا کیا، دونوں جانب سے مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں اپنے موجودہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا

ملاقات اس مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی، کہ دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی دوستی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

Read Comments