کراچی: سندھ ایگریکلچر سپلائی اور محکمہ پرائس میں اربوں روپے کی کرپشن اور بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے۔
فیڈرل بیورو آف آڈٹ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ محکمے نے 2 ارب 93 کروڑ روپے کا بجٹ خرچ نہیں کیا تاہم حکومت کو رقم کا صرف 32 فیصد حصہ واپس کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمے نے آڈٹ بیورو کی طلبی کے باوجود 9 ارب 38 کروڑ 23 لاکھ روپے کا ریکارڈ بھی مہیا نہیں کیا۔
آڈٹ بورڈ نے رپورٹ میں مزید انکشاف کیا کہ پیٹرول کی مد میں 6 کروڑ 62 لاکھ روپے زائد خرچ کیے جب کہ سیکریٹری نے 1 کروڑ 88 لاکھ غیر قانونی ملازمین کے اعزازیے میں خرچ کیے۔
فیڈرل بیورو آف آڈٹ نے رپورٹ سندھ اسمبلی میں جمع کرادی جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمے نے ٹیکس وصول نہ کرکے خزانے کو 3 کروڑ 92 لاکھ روپے کا نقصان بھی پہنچایا ہے۔