شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے 6 سپاہی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے 6 سپاہی شہید ہوئے ہیں۔
شہید سپاہیوں میں ٹانک کے رہائشی 36 سالہ حوالدار سلیم خان، کوہاٹ کے رہائشی 37 سالہ نائیک جاویداقبال، بنوں کے رہائشی 26 سالہ سپاہی نزیر خان شامل ہیں۔
مردان کے 25 سالہ سپاہی حضرت بلال، کزئی کے 22 سالہ سپاہی سید رجب حسین اور خیبر کے رہائشی 22 سالہ بسم اللہ جان نے جام شہادت نوش کیا۔
اس سے قبل فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ سمیت 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے راستے میں آہنی دیوار ہے، پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔