وزیر خارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم کےٓ اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی شہر گوا پہنچ گئے ہیں، اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیرخارجہ کے ہمراہ ہے۔
وفد میں اسد مجید خان، ممتاز زہرا بلوچ، الیاس نظامی شامل ہیں۔ بھارتی حکام نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
بلاول آج دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
ٹوئٹر پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے بلاول نے لکھا کہ کانفرنس میں شرکت کے لئے گوا روانہ ہوگیا ہوں اور پاکستانی وفد کی قیادت کر رہا ہوں میرا مقصد اپنا پیٖغام دینا ہے اور بتانا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔
وزیرخارجہ کل شنگھائی تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس سے خطاب کریں گے تاہم بلاول بھٹوکا کل دوپہر کو خطاب متوقع ہے۔
اس سے قبل بھارت میں ہونے والی شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن کے اجلاس میں شرکت سے قبل ہی وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کی۔
بلاول بھٹو نے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیتے ہوئے مشاورت کی، انہوں نے بی اے پی کے رہنماخالد مگسی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، کنوینر ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کو ٹیلی فون کرکے انہیں بھی اعتماد میں لیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4،5 مئی کو بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
وزیرخارجہ ایس سی او سی ایف ایم کے موجودہ سربراہ اور بھارت کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی دعوت پر ایس سی او سی ایف ایم اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹراورعمل کے لیے پاکستان کے عزم اور اس اہمیت کی عکاسی کرتی ہے، جو پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں خطے کے لیے دیتا ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ سال جولائی میں تاشقند میں ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے آخری اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔