Aaj Logo

شائع 03 مئ 2023 01:36pm

پرویز الہٰی کے گھر آپریشن: اینٹی کرپشن کے 3 افسروں کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس

لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر آپریشن کرنے پر توہین عدالت درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت اینٹی کرپشن کے 3 افسروں کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کردیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: پولیس کا پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پھر چھاپہ، گھریلو ملازمین سے پوچھ گچھ

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے بتایا کہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے مقدمے میں پولیس گرفتاری کے لیے رہائش گاہ گئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر مقدمہ درج تھا تو سرچ وارنٹ کدھر ہیں، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ ہمارے پاس صرف مقدمے کی کاپی تھی۔

مزید پڑھیں: پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن: ڈی جی اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری

لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ایک تو عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی اور دوسرا عدالتی حکم سے متعلق الفاظ کہے۔

ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن وقاص نے کہا کہ میں تو توہین عدالت کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔

مزید پڑھیں: پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ: پولیس پر حملے میں گرفتار 2 افراد مقدمے سے خارج

جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ کان کھول کرسن لیں اگر غلط بیانی کی تو عدالت اپنا حکم سنائے گی۔

ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ اگر میرا غلط بیانی کرنا ثابت ہو جائے تو خود کو عدالت کے رحم وکرم پر ہوں گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے تحریری جواب جمع نہ کروانے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالتی حکم کے باوجود جواب جمع نہ کروانا توہین عدالت ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن وقاص نے عدالت سے غیر مشروط معافی طلب کی۔

عدالت نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب داخل کرنے کے لیے ایڈیشنل ڈی جی کو کل تک کا موقع دیتے ہوئے تمام افسران کو کل ذاتی حیثیت میں 4 مئی کو طلب کرلیا۔

پرویز الہٰی کیخلاف درج مقدمات: لاہور ہائیکورٹ کی لارجر بینچ بنانے کی سفارش

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور دیگر فیملی ممبران کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں چوہدری پرویز الہٰی اور دیگر فیملی ممبران کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی، اور کہا کہ اس طرح کی نوعیت کے کیسز لارجر بینچ سن رہا ہے۔

عدالت نے درخواستوں پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی ۔

درخواست پرویز الہٰی، چوہدری وجاہت حسین، راسخ الہٰی اور موسی الہٰی نے دائر کی، جس میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

Read Comments