کراچی میں مشکوک پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کے لواحقین نے تھانے کا گھیراؤ کرلیا۔
کراچی کےعلاقے نیو ٹاؤن میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا، ہلاک ملزم کے لواحقین نے مبینہ پولیس مقابلے کو جعلی قرار دے کر پانچ گھنٹے تک نیو ٹاؤن تھانے کا گھیراؤ کرکے احتجاج کیا۔
مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کراچی کے علاقے ڈالمیا کا رہائشی تھا جس سے متعلق پولیس کا دعویٰ ہے کہ اسے شہری سے موبائل فون چھین کرفرار ہونے کی کوشش کے دوران روکا گیا تھا، اس دوران کمل اور اس کے ساتھی نے پولیس پر فائرنگ کی اور جوابی کارروائی میں کمل ہلاک جبکہ ساتھی انیل پکڑا گیا تھا۔
واقعے کے خلاف نوجوان کے لواحقین نے نیو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور شدید احتجاج کیا۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں شادی ہے خوشی والے گھر کو پولیس نے سوگ میں تبدیل کردیا، ہمیں انصاف دلایا جائے۔
دوسری طرف پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ملزم اور گرفتار ساتھی کو متاثرہ شہری نے ملزم کی حیثیت سے شناخت کرلیا ہے۔ شہری کی مدعیت میں ہی واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
احتجاج کا دائرہ وسیع ہوا تو پولیس حکام مظاہرین سے مذاکرات کے لئے ڈی آئی جی ایسٹ آفس پہنچے، پولیس حکام نے لواحقین کے تحفظات دور کرنےاور شفاف تحقیقات کے لئے ایس پی گلشن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
لواحقین کے مطالبے پر تحقیقات مکمل ہونے تک مقابلہ کرنے والے انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔