سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلاء نے 3 مئی کو پیشی کے دوران سیکیورٹی فول پروف بنانے کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں عمران خان کی گاڑی کے احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت بھی مانگی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں مقرر ہے، سب کو معلوم ہے کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، ان پر وزیرآباد لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ بھی ہوچکا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 28 اپریل کی پیشی کے دوران عمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کو پیدل چل کر عدالت تک جانا پڑا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کی پیشی کے دوران عدالتی احکامات کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، عمران خان کی گاڑی اور اسٹاف ممبران کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے۔