پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنی رہائشگاہ ظہور الہیٰ پیلس پہنچے تو کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا اور پرویز الہیٰ کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔
چوہدری پرویز الہی نے استقبال کرنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے۔ جھوٹے الزامات لگانے والوں کے حصے میں صرف شرمندگی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ نگران حکومت دن رات پی ٹی آئی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے میں مصروف ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کی 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔
چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں نے دلائل دیتے ہوئے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کے خلاف بلا جواز مقدمات درج کر لیے گئے، 2 مقدمات میں عبوری ضمانت کروا لی، ایک اور مقدمہ رات گئے درج کیا گیا خدشہ ہے گرفتار کر لیا جائے گا، اینٹی کرپشن اور پولیس نے سیاسی بنیادوں پر بے مقدمہ درج کیا، ایک ہی مقدمے میں کرپشن کے متعدد اور بے بنیاد الزامات لگائے، تحقیقات میں اپنی بے گناہی کے لیے پیش ہونا چاہتا ہوں، عدالت دونوں مقدمات میں حفاظتی منظور کرے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پرویز الہٰی کی 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی گھر پر آپریشن کے دوران حملہ کیس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔
پرویز الہٰی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیاکہ پولیس کی جانب سے گھر پر آپریشن کے دوران چادراور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پولیس نے بے بنیاد الزامات پر مقدمے میں نامزد کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے صدر نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے آئی جی پنجاب اور ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔