Aaj Logo

شائع 02 مئ 2023 11:48am

نیب کو جڑ سے ختم کردینا چاہیئے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، وزیراعظم نیب کو جڑ سے ختم کردیں، ورنہ نیب ملک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس کیس میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکس دینے والا بھی ملزم بنا دیا گیا، سرمایہ کار جب یہ حال دیکھتے ہیں تو کوٸی نہیں آتا، چیف جسٹس نے سوموٹو لینا ہے تو اس تماشے کا لیں، اگر نظام ایسا ہی رہے گا تو ملک چل نہیں پائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نیب کو جڑ سے ختم کر دیں، ورنہ نیب ملک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا، ایک سابقہ وزیراعظم کو عدالت سے انصاف نہیں ملے گا تو کسی اور کو کیا ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس سمیت کسی اور کو پرواہ ہے؟ ملک میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جب نیت ہی ٹھیک نہ ہو تو مذاکرات کس چیز کے؟، چیف جسٹس کہتے ہیں کہ بیٹھ کر مذاکرات کریں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ہوتا ہے، آپ نے سیاست کرنی ہے تو کرلیں لیکن ملک ایسے نہیں چلے گا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی کرپٹ ترین حکومت عثمان بزدار کی تھی، میں نے کسی کے بارے میں نہیں بلکہ نظام کی بات کی، محکمہ خوراک پنجاب کے ادارے میں کرپشن ہے ، وزیراعظم نے جو پیسہ غریب عوام کے لیے مختص کیا اس میں 25 فیصد کرپشن ہوٸی تھی۔

Read Comments