پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان زمان پارک سے ناصر باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔
کارکنان کا بڑا قافلہ عمران خان کے ہمراہ ناصر باغ پہنچا، چیئرمین پی ٹی آئی نے لبرٹی چوک میں پہلا خطاب کرکے ریلی کا آغاز کیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں نکالی گئی ریلیاں بھی ختم ہوچکی ہیں، انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو ریلی 6 بجے تک اختتام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کل مذاکرات میں اگر حکومت 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑنے کیلئے تیار ہے تو ہم بھی ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
لاہور میں ریلی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ وزیرآباد، پھر جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی، یہ مجھے راستے سے ہٹانے کے لئے قتل یا جیل بھیجنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے نے کہا کہ آج ریلی کا مقصد ملک میں رول آف لاء قائم کرنا ہے، رول آف لاء نہیں ہوگا تو مزدوروں کو حقوق نہیں ملیں گے۔
انتخابات سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق اسمبلی ختم ہوتے ہی 90 دن میں الیکشن ہونے تھے لیکن نگراں حکومت نے الیکشن کے لئے کوئی کام نہیں کیا، نگراں حکومت کی کوئی آئنی حیثیت نہیں، ان لوگوں نے پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ کیا۔
حکمران اتحاد سے مذاکرات کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑ دیں تو ایک ساتھ الیکشن کے لئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے تو بھی یہی کہا الیکشن ہونا چاہیے اور آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو ہم سڑکوں پر ہوں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تک ہم نےمعاشی حالات کی وجہ سے پُرامن احتجاج کئے، اگر آئین توڑا تو پھر ملک میں جنگل کا قانون ہوگا، یہ اور ان کے ہینڈلرز سمجھ رہے ہیں وہ الیکشن نہیں کرائیں گے، لہٰذا ہم پھر سڑکوں پر آنے کے لئے تیار ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر قافلے کی ویڈیو شیئر کی کی ہے۔
اس سے قبل زمان پارک سے لبرٹی چوک روانگی سے قبل عمران خان کی تمام گاڑیوں کی سیکیورٹی کلیئرنس مکمل کی گئی، سابق وزیراعظم کے سیکیورٹی عملے اور اسپیشل برانچ نے الگ الگ کلیئرنس دی۔
واضح رہے کہ آج یکم مئی کو یومِ مزدور کے موقع پر پی ٹی آئی نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی آئین بچاؤ ریلی کے حوالے سے پی ٹی آئی نے لبرٹی چوک پر سیاسی پاور شو کی تیاریاں مکمل کی تھیں۔
لبرٹی چوک پر سینئر رہنماؤں کے لیے کنٹینر پنچا جب کہ بڑی ایل ای ڈی اسیکرین بھی لبرٹی چوک پہنچائی گئی۔
لبرٹی چوک کے اردگرد پولیس کی بھاری نفری بھی بیریئرز لگا کر ڈیوٹی پر موجود تھی جب کہ لبرٹی چوک پر پی ٹی آئی کے بینرز سجائے گئے۔
سینیٹر فیصل جاوید تقاریر سے کارکنوں کا لہو گرماتے رہے جب کہ کارکنان کی جانب سے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔