تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کی صورت میں ایک پھر تاریخی لانگ مارچ کا عندیہ دے دیا ہے۔
حکومت اور تحریک انصاف کے مابین مذاکرات کے دو دور مکمل ہوچکے ہیں، تاہم تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا اور مذاکرات کا فائنل راونڈ منگل 2 مئی صبح 11 بجے تک چلا گیا ہے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات کی کامیابی چاہتی ہے لیکن ناکامی کی صورت میں حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آئین کو ردی کا ٹکڑا وعوام کو کیڑے مکوڑے سمجھ لیا جائے، تحریک انصاف خاموش بیٹھ جائے یہ نہیں ہو سکتا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں عوام بڑی تحریک کیلئے تیار ہو جائیں، تحریک کا آغاز کل لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں ریلی سے ہو رہا ہے، اس کا نقطہ عروج ایک تاریخی لانگ مارچ ہو گا۔