پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر اینٹی کرپشن کے چھاپے کے معاملے پر پولیس نے تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے میں پرویزالہٰی سمیت 19 افراد نامزد ملزم قرار دیے گئے، مقدمہ سی او اینٹی کرپشن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم نے پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، رہائش گاہ کے اندر موجود 40 سے 50 افراد نے پتھراؤ اور تشدد کیا جبکہ چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پیٹرول بھی پھینکا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی اس دوران موقع سے فرار ہوگئے جبکہ مزاحمت کرنے والے شرپسند افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے 19 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔