Aaj Logo

شائع 29 اپريل 2023 10:11am

چوہدری برادران کو لڑوانا سیاسی سازش کا حصہ ہے، شیخ رشید

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چوہدری برادران کو لڑوانا سیاسی سازش کا حصہ ہے، چابی کے کھلونے کلیم اللہ اور سلیم اللہ کھیل رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر بکتر بند گاڑیوں سے دھاوا فسطائیت اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل ہے، چوہدری شجاعت کو مذمت کرنی چاہیئے اور چوہدری سالک کو مستعفی ہو جانا چاہیئے، دونوں بھائیوں کو لڑوانا سیاسی سازش کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے قرض کا مسئلہ 10 مئی کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں بھی شامل نہیں۔

اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار اقتصادی معاشی طور پر ہی ناکام نہیں ہوئے بلکہ غریب سے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا، مذاکرات کامیاب ہوں تو بہت اچھی بات ہے لیکن ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک اور قوم کی ضرورت آئین اور قانون ہے، حکومت اقتدار سے چمٹا رہنا چاہتی ہے، چابی کے کھلونے کلیم اللہ اور سلیم اللہ کھیل رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میری 4 مرلے کی لال حویلی پر حکومت چوتھی مرتبہ حملہ کرنے جا رہی ہے اور ہائیکورٹ سے بھی 4 مرلے ملکیتی کا کیس جیت چکا ہوں۔

رات کے اندھیرے میں اگر لال حویلی پر کارروائی کی گئی تو میں کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں، اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کروں گا، قومی اسمبلی میں جمعہ بازار لگا ہے۔

Read Comments