وفاقی ادارہ شماریات نے مردم شماری کی آخری تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
ادارہ شماریات نے مردم شماری میں پانچویں بار توسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اور مردم شماری کی آخری تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ساتویں قومی مردم شماری پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات پر پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ دی، جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ بریفنگ میں شریک ہوئے.
ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے فوری فیصلہ سازی کر کے کم کوریج والے بلاکس کی بروقت نشاندہی کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے شرکاء کو ڈیجیٹل مردم شماری کے طریقہ کاراور اب تک کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا گیا، اور بتایا کہ اب تک کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان کی آبادی 23 کروڑ74لاکھ 48 ہزار241 ہوچکی ہے۔
ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں 5 کروڑ41 لاکھ 38 ہزار 485 افراد کا شمار ہو چکا ہے، پنجاب میں اب تک 11 کروڑ 64 لاکھ 42 ہزار 499 افراد کو گنا جا چکا ہے، خیبر پختونخوا میں 3 کروڑ 93 لاکھ 15 ہزار 873 افراد اور بلوچستان میں ایک کروڑ 97 لاکھ 13 ہزار 823 افراد کا شمار ہوچکا ہے۔
شرکاء کو مردم شماری میں صوبائی حکومتوں کے کردار کے بارے میں بتایا گیا، جبکہ شرکاء نے مردم شماری کے ڈیجیٹل سسٹم پر اعتماد کا اظہار کیا۔