اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ 75 کا نوٹ بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور یہ نوٹ ہرقسم کے لین دین کے لئے قابل قبول ہے۔
اسٹیٹ بینک نے گزشتہ سال 75 روپے کا یادگاری نوٹ عوامی لین دین کے لیے جاری کیا تھا، یادگاری نوٹ سے متعلق ابہام کے باعث شہری اسے استعمال کرنے سے ہچکچا رہے ہیں، اور عوام کی جانب سے افواہوں پرکان دھرکر 75 روپے کے نوٹ کے لین دین سے انکار پر دکاندار بھی پریشان ہیں، تاہم اب اسٹیٹ بینک کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔
ترجمان اسٹیٹ بینک نے 75 روپے کے نوٹ کے حوالے سے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ مرکزی بینک نے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر گزشتہ سال یہ نوٹ جاری کیا تھا، اور 30 ستمبر 2022 سے یہ نوٹ مارکیٹ میں دستیاب ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 75 روپے کا نوٹ ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اور یہ نوٹ ہر قسم کی ٹرانزکشن کے لئے قابل قبول ہے، نوٹ کے حوالے سے تمام افواہیں بے بنیاد ہیں، اور موجودہ نوٹ کے ختم ہونے کی کوئی معیاد نہیں۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پاکستان کی 50 ویں سالگرہ پر بھی 5 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کیا تھا، جب کہ 10روپے کا نوٹ بھی ختم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔