بالی ووڈ اداکارسورج پنچولی کو اداکارہ جیا خان خودکشی کیس میں بری کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ادارے ( سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے 10 سال پرانے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جیا خان کے بوائے فرینڈ اور بھارتی اداکار آدیتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو بے قصورقراردیا۔
سورج پر الزام تھا کہ انہوں نے اداکارہ کو خودکشی پراکسایا۔
عدالت نےفیصلے میں کہا کہ عدم شواہد کی بنا پرسورج کواس کیس میں قصور وارنہیں ٹھہرایا جاسکتا، لہذا عدالت انہیں بری کرتی ہے۔
فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر اداکار سورج پنچولی بھی عدالت میں موجود تھے۔
اس کیس میں سورج پنچولی پر 2018 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم اداکار نے صحت جُرم سے انکار کیا تھا۔
پس منظر
اپنے دورمیں انتہائی تیزی سے مقبولیت پا کربھارت کی سپپرہٹ فلموں میں کام کرنے والی 25 سالہ اداکارہ جیا خان 3 جون 2013 کو جوہو میں اپنی رہائشگاہ پر پنکھے سے لٹکی پائی گئی تھیں۔
جیا خان کی والدہ رابعہ نے افسوسناک واقعے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ کو ان کے قریبی دوست سورج پنچولی نے قتل کیا ہے۔
بعد ازاں جیا کی جانب سے اداکارکو لکھے گئے آخری مبینہ خط کے ملنے کے بعد سورج کو گرفتارکیا گیا تھا۔ اداکار کے خلاف 2013 میں دفعہ 306 (خودکشی کے لیے اکسانا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آدیتیہ سینیئربالی ووڈ اداکارآدیتیہ پنچولی اوراداکارہ زرینہ وہاب کے بیٹے ہیں، فیصلہ سنانے کے موقع پر زرینہ وہاب بھی بیٹے کے ہمراہ موجود تھیں۔