وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، وزیر اعظم شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
پاک فضائیہ کے طیاروں زرار اور میراج طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار مظاہرہ پیش کرکے آسمان پر رنگ بکھیر دیے۔
وزیراعظم نے گارڈز آف آنرز کا معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو فلائنگ بیجز لگائے اور ایوارڈز دیے جبکہ شہباز شریف کو کیڈٹس نے سلامی پیش کی۔
سالانہ تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت عسکری قیادت شریک تھی۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیردفاع خواجہ آصف سمیت دیگر سیاسی قیادت نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹس کے والدین کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سےدنیا بھرمیں نمایاں ہے، یقین ہےکہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کامظاہرہ کرتی رہےگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاک فضائیہ ہمیشہ ملک کے دفاع کے لیے پرعزم رہی ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، پاک فضائیہ کی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں دنیا میں نمایاں ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہرکوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نے اگست 2019 سے کشمیرکو جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمسائیوں کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں۔