نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انجری کا شکار ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق مڈل آرڈر بلے باز کی نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
گزشتہ روز حارث سہیل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کی تیاری کے لیے پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوئے، فیلڈنگ پریکٹس کے دوران وہ ساتھی کرکٹر شاداب خان سے ٹکرا گئے۔
حارث سہیل بائیں کندھے میں انجری کا شکار ہوئے، البتہ ان کو اسپتال لے جایا گیا تاہم اسکین تسلی بخش آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حارث سہیل کی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں شرکت کا فیصلہ مزید اسکین کے بعد ہوگا۔
سیریز کے پہلے دو میچز 27 اور 29 اپریل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں جبکہ اگلے 3 میچز 3، 5، 7 مئی کو کراچی میں شیڈول ہیں۔