پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ٹکٹوں کے معاملے پر ری ویو کمیٹی آج زمان پارک میں لاہور کے 3 ٹکٹوں سے متعلق فیصلہ کرے گی۔
لاہور کی ٹکٹوں پر نظر ثانی کے حوالے سے اجلاس زمان پارک میں ہوگا، اجلاس میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت شرکت کرے گی، ٹکٹوں پر نظرثانی کا فیصلہ آج رات تک کرلیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹوں پر نظرثانی کے لئے 7 سے 800 درخواستیں تھیں۔
پی ٹی آئی نے پنجاب میں ٹکٹوں کی نظر ثانی درخواست پر چند حلقوں کے ٹکٹ تبدیل کر دیے۔
پی پی 10 میں چوہدری نثار علی کے مقابلے میں طیبہ ابراہیم کو دیا گیا ٹکٹ واپس لے کر کرنل اجمل صابر کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔
پی پی 108 میں حافظ عطاء اللہ کو دیا گیا ٹکٹ واپس لے لیا گیا جبکہ پی پی 108 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ندیم آفتاب سندھو ہوں گے۔
پی پی 185 اوکاڑہ 3 سے راؤ حسن سکندر کے ٹکٹ پر نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے چوہدری سلیم صادق کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔
پی پی 101 سے حسان احمد سے ٹکٹ واپس لے لیا گیا جبکہ ان کی جگہ شاہیر راؤ تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔
پی پی 118 کی نشست پر ٹکٹ کس کو ملے گا فیصلہ نہ ہوسکا، چوہدری بلال اصغر وڑائچ سے ٹکٹ واپس لے کر حلقہ اوپن کردیا گیا جبکہ پی پی 118 سے اب تحریک انصاف کا ٹکٹ کسی کو نہیں ملے گا۔
پی پی 73 سرگودھا سے بھی ٹکٹ تبدیل کردیا گیا، ملک خالق داد پلہار سے ٹکٹ واپس لے کر سرگودھا سے سہیل اختر گجر کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔
تحریک انصاف نے سرگودھا پی پی 79 کا ٹکٹ بھی تبدیل کردیا اور فیصل گھمن سے ٹکٹ لے کر نذیر احمد کو ٹکٹ جاری کر دیا۔
تحریک انصاف نے باقی رہ جانے والے حلقوں میں ٹکٹ جاری کرنا شروع کردیے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی پی 162 سے ٹکٹ جاری کردیا۔
پی پی 57 سے رانا علی وکیل خان کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ جاری ہوا جبکہ پی پی 162 سے محمد فیاض بھٹی کو ٹکٹ جاری کردیا گیا۔
عمران خان کی منظوری کے بعد سیکرٹری جنرل اسد عمر نے ٹکٹ جاری کیا۔
اسد عمر کا بیان
اسد عمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کی غلط تقسیم کا نوٹس لےلیا، پی ٹی آئی قیادت نے 30 ممبران کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس لےلیا اور 30 نشستوں پر نئے ٹکٹ جاری کردیے۔
اسد عمر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے لیے پی ٹی آئی کےٹکٹوں کاجائزہ لیاگیا، ابھی تک 30 میں سے 21 ٹکٹ تبدیل کیےگئے ہیں، 9 ٹکٹ ان سیٹوں پر ہیں جن پرپہلے ٹکٹ جاری نہیں ہوئے تھے۔
واضح رہےکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کی شکایات کی تھی۔