جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) مرکزی مجلس عاملہ کا اہم ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بتایا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر قیادت عید کی چھٹیوں کے بعد اسلام آباد پہنچ گئی، اجلاس 3 سے 4 دن جاری رہ سکتا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص عدالتی سطح پر پیدا کردہ بحران کے عوامل پر تفصیلی غور وخوض ہوگا۔
اسلم غوری نے بتایا کہ اجلاس میں موجودہ حالات کے حوالے سے مضبوط جماعتی موقف کا تعین ہوگا اور خیبر پختونخواہ بشمول فاٹا مرجر ایریا سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں آئندہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اجلاس میں مفتی عبد الشکور صاحب کو خراج عقیدت اور ان کی شہادت کے واقعہ کا جائزہ لیا جائے گا۔