پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کرنے کے بجائے بدستور سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف سپریم کورٹ کو چکمہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، حکومت ایک تاریخ پر الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو قومی اسمبلی توڑنے کا اعلان کرتی، قومی اسمبلی توڑے بغیر مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مذاکرات کی مہلت ختم ہونے والی ہے، حکومت مذاکرات کرنے کے بجائے بدستور سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی صدر نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کا ٹکٹ کوئی مفت میں لینے کو بھی تیار نہیں، الیکشن کا بائیکاٹ کرکے ن لیگ اپنا بھرم قائم رکھنا چاہتی ہے، صوبے میں تحریک انصاف کی جیت اور اس کی حکومت اب نوشتہ دیوار ہے۔
پرویز الہٰی سے جن سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی ان میں سابق ضلع ناظم چوہدری شفاعت حسین، چوہدری محمد الہٰی، چوہدری حسن الہٰی، شجاعت نواز اجنالہ، شیخ شہکاز اسلم، ذوالفقار گھمن، مہر کاشف اور دیگر رہنما شامل تھے۔ ملاقات میں چوہدری وجاہت حسین اور راسخ الہٰی بھی شریک تھے۔