آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد دی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن ماحول میں یہ تہوار ہمارے تمام شہدا اور غازیوں کے مرہون منت ہے۔
عسکری قیادت کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے شہدا اور غازیوں کو سلام بھی پیش کیا گیا ہے۔
عسکری قیادت کی جانب سے آج کے دن قوم کے لئے دعا کی گئی ہے کہ اللّٰہ تعالی پاکستان پر اپنی رحمتوں کا سایہ برقرار رکھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے چئیرمن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو فون کیا۔
وزیراعظم نے پاک افواج کے سربراہاں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستانی قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، پاکستانی قوم اپنی سرحدوں پر موجود محفاظوں کی بدولت امن و سکون سے عید کی خوشیاں منا رہی ہے مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے ان بہادر اور فرض شناس جوانوں کوخراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔