ٓعید الفطر کےموقع پر زمان پارک میں آپریشن کے خدشے کے تحت لاہور ہائیکورٹ سے رجو ع کرنے والی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسی حوالے سے وزیر عظم ،نگراں وزیر اعلی سمیت دیگر کو مراسلہ لکھ دیا ۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے لکھے جانے والے اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عید کے موقع پر لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے۔
مراسلے کے متن کے مطابق لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے تاہم عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنےکا پلان بنایا گیا ہے، پہلے بھی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آپریشن کیا گیا۔ ساتھ ہی متنبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم ن، گراں وزیر اعلیٰ سمیت دیگر حکام کسی بھی آپریشن سے باز رہیں۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر زمان پارک آپریشن کیا گیا تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
بشریٰ بی بی نے عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں ممکنہ آپریشن لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم گزشتہ روز عدالت نےان کی درخواست مسترد کردی تھی۔
عدالت نے یہ کہتے ہوئے درخواست خارج کردی تھی کہ یہ معاملہ پہلے ہی لارجر بینچ کے سامنے ہے، آپ کو پہلے ہی ریلیف مل چکا ہے، یہ درخواست عدالت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل اظہر صدیق پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بھی اسی حوالے سے لاہورہائیکورٹ میںدرخواست دائر کرچکے ہیں، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مجھے انفارمیشن ہے کہ عید پر زمان پارک آپریشن دوبارہ ہوگا، یہ الیکشن ہارنے سے ڈرے ہوئے ہیں، یہ مجھے صرف جیل میں ڈالنا نہیں، مجھے ختم کرنا چاہتے ہیں، مجھ پر پہلے بھی حملہ ہوا اور اللہ نے مجھے بچا لیا، انہوں نے عید کی چھٹیوں میں آپریشن پلان کیا ہوا ہے، اس لئے آپ کو کہہ رہا ہوں کہ عدالت پولیس آپریشن سے روکے۔