ناران کے قریب ایک اور برفانی تودہ گرگیا، تودے گرنے کے بعد شاہراہ کاغان تاحال بند ہے جبکہ مظفرآباد کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈ کے باعث نیلم روڈ بلاک ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا عملہ بھاری مشینری سے برف ہٹانے میں مصروف ہے، جبکہ کاغان تک مرکزی شاہراہ بحال ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیاح عید کی چھٹیوں میں ناران جانے سے گریزکریں۔
دوسری جانب مظفرآباد میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈ کے باعث نیلم روڈ بلاک ہے جبکہ سڑک کی بندش کے باعث نیلم کا زمینی رابطہ دیگرعلاقوں سے منقطع ہوگیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مظفرآباد سے شاردا اور مارگلہ تک روڈ بحال ہے اور نیلم روڈ کی بحالی کا کام جاری ہے
اس قبل ہی طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد کنٹینرز اور مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں تھیں جبکہ اس دوران متعدد گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی تھی۔
واضح رہے کہ طورخم سرحدی گزرگاہ کے قریب ایکسپورٹ روڈ پر گرنے والے پہاڑی تودے کو ہٹانے کا کام آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایکسپورٹ روڈ پر50 فیصد سے زیادہ ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہوگیا ہے اور اب تک 5 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
گزشتہ روز کے دوران ریسکیو آپریشن میں آٹھ زخمیوں کو ریسکیو کیا گیا ۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اب تک 24 کنٹینرز نکال لئے گئے ہیں ۔
ریسکیو آپریشن میں افغانستان سے منگوائی گئی بھاری مشینری بھی کام کررہی ہے۔