Aaj Logo

شائع 20 اپريل 2023 10:41am

پاکستان میں عیدالفطرکب منائی جائے گی

رمضان المبارک کا اختتام قریب آتے ہی دنیا بھرکے مسلمان ماہ شوال کے چاند سے متعلق جاننے کے منتظرہیں کہ عید کب ہوگی۔ رواں سال چاند کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آرہی ہیں اور پاکستان میں بھی سب کا ایک ہی سوال ہے کہ اس بار 29 روزے رکھے جائیں گے یا 30 اور عید کب منائی جائے گی؟۔

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں وزرات مذہبی امور میں ہوگا جس کی صدارت مولانا عبدالخبیرآزاد کریں گے، اس کے علاوہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ملک بھر میں اپنے مقررہ مقامات پرہوں گے۔

دنیا کے مختلف ممالک میں آج سورج کو انتہائی نایاب ہائبرڈ گرہن لگنے کے باعث وہاں چاند کا نہ نظرآنا بھی زیر بحث ہے۔

پاکستان اور بھارت میں ہائبرڈ سورج گرہن نہیں دیکھا جارہا تاہم اس کے باوجود قوی امکان ظاہرکیا جارہا ہے کہ آج عید کا چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے، اس لیے عید الفطر ہفتہ 22 اپریل کیوں منائی جائے گی۔

سیکریٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ شوال المکرم کاچاند دیکھنے کیلئےرویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات 20 اپریل کی شام ہوگا تاہم چاند نظر آنےکاامکان نہیں لہٰذا عید الفطر ہفتہ 22 اپریل 2023 کو منائی جائے گی۔

مطلع صاف ہوا تو چاند دیکھا جاسکتا ہے

سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرفلکیات اور رویت ہلال کمیٹی کے رکن عبد اللہ الخضیری کا کہنا ہے کہ یہ بات درست نہیں کہ جمعرات کو عید کا چاند نظرآنا ممکن نہیں، ”جمعرات 20 اپریل کو عید کا چاند 24 منٹ تک افق میں رہے گا“۔

انہوں نے بتایا کہ فلکی حساب سے چاند سورج غروب ہونے کے بعد 24 منٹ تک افق پررہے گا جس کا مطلب ہے کہ مطلع صاف ہوا تو ہلال دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ بات صحیحہے کہ 20 اپریل کو جن ممالک میں سورج گرہن ہوگا جہاں چاند کا دیکھنا ممکن نہیں۔

سعودی سپریم کورٹ کی درخواست

دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے تمام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ 20 اپریل، 29 رمضان المبارک 1444 ہجری کی شام کو شوال کا چاند کھلی آنکھوں سے یا دوربین کے ذریعے دیکھنے کی کوشش کریں اور دیکھے جانے کی صورت میں یا تو قریبی عدالت کو آگاہ کر کے وہاں گواہی ریکارڈ کرائیں یا قریبی مرکز سے رابطہ کریں ۔

اس سے قبل عالمی فلکیاتی مرکز کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جمعرات 20 اپریل کو عرب اور اسلامی دنیا میں کہیں بھی برہنہ آنکھوں سے چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا اس لیے عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگی۔

فلکیاتی اعتبار سے رواں سال عرب دنیا میں رمضان المبارک 29 روزوں پرمشتمل ہو گا

اس سے قبل العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق مصرمیں فلکیاتی تحقیق کے قومی ادارے نے اطلاع دی تھی کہ ریسرچ لیبارٹری کے فلکیاتی حساب کے مطابق رواں سال رمضان المبارک 29 دن کا ہوگا اورماہ شوال کا آغاز جمعہ 21 اپریل سے ہوگا۔ اس لحاظ سے وہاں عیدالفطر جمعہ 21 اپریل کو منائی جائے گی۔

فلکیاتی تحقیق کے مرکز کے مطابق شوال کا چاند قاہرہ کے وقت کے مطابق صبح ٹھیک 6 بج کر 14 منٹ پرپیدا ہوجائے گا اور 29 رمضان جمعرات کو شوال کا چاند دیکھنے کا دن ہوگا۔ تاہم اس روز (20 اپریل کو) سورج کا مکمل گرہن ہے، چاند زمین کے قریب ہوگا اور سورج کی ڈسک کو مکمل طور پردھندلا دے گا، اس طرح سے یہ گرہن دنیا کے کچھ حصوں میں مکمل اوردوسرے حصوں میں کنارہ نما نظرآئے گا۔اس دن پوری رات آسمان پر چاند نظر نہیں آئے گا۔ کیونکہ یہ سورج کے ساتھ طلوع ہوگا اور اس کے ساتھ پوری طرح غروب ہوگا۔

Read Comments