خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آگئی جبکہ اپر کوہستان میں شاہراہ قراقرم بند اور سوات میں بحرین پل زیرآب آگیا۔
خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
اپر کوہستان کے اچھار نالے میں اونچے درجے کے سیلاب کے بعد اچھار نالہ اور پانی باہ کے مقام پر شاہراہِ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔
مسافروں کو شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر سوات میں درال خوڑ اور دریا میں طغیانی سے بحرین پل زیر آب آنے سے بحرین اور کالام کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
دریائے پنچکوڑہ کے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث دیر چترال شاہراہ پر مینہ خوڑ میں پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکل لیا گیا۔
اس کے علاوہ وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے سے دریائے کنہار کے بہاؤمیں اضافہ ہوگیا جس کے بعد انتظامیہ نے شہریوں کو دریا کے قریب جانے سے منع کردیا۔
دیر بالا میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا، ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے بھر میں بارش کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
سیالکوٹ، شیخوپورہ، چھانگا مانگا سمیت دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بارش کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے جبکہ بارش سے گندم کی تیار فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔