گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے نوری بینڈ کے معروف گلوکار علی نور پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کر دیا۔
گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے انسٹا سٹوری پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے علی نور پر الزام عائد کیا ہے کہ گلوکار نے ان کو کوک اسٹوڈیو میں آڈیشن کے دوران ہراساں کیا۔
ماہا علی کاظمی نے انسٹاگرام پر متعدد ویڈیوز اور پوسٹ شیئر کیں جس میں انہوں نے علی نور پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ علی نور نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا، لاہور میں اپنے دفتر بلا کر نشہ کرنے کو کہا اور کوک اسٹوڈیو میں میرا دیا جانے والا آڈیشن بھی سبوتاژ کردیا۔
گلوکارہ نے کہا کہ چاہے میں اتنی معروف گلوکارہ نہیں مگر اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ میں آپ کی گندی سوچ اپنا لوں گی یا کوئی بھی آفر قبول کرلوں گی۔
ماہا علی کاظمی نے انتہائی سخت الفاظ میں علی نور پر الزام لگاتے ہوئے اُنہیں ایک گندی سوچ کا مالک انسان قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی نور اُن مردوں میں سے ہیں جو خواتین سے آگے بڑھنے کے مواقع چھین لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اُن کے بنانے سے ہی ہم کچھ زندگی میں بن پائیں۔
ماہا علی کاظمی نے انسٹا اسٹوریز میں کہا کہ میں اتنی باصلاحیت ہوں کہ اپنا کیریئر خود بنا سکوں مجھے آپ جیسے غلیظ انسان کی بات سننے کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2022 میں صحافی عائشہ بنت راشد کی جانب سے بھی علی نور پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر بعد میں علی نور نے معافی مانگ لی تھی۔