رجسٹرار سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی جانب سے اپنی نااہلی کے خلاف تیسری درخواست کل سماعت کے لئے مقرر کردی۔
سردار تنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی جانب سے وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔
آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سردار تنویر کی درخواست پر ریمارکس دیئے کہ آپ کل دوبارہ اپیل لے کر آئیں، کیوں کہ اپیل کا ٹائٹل درست نہیں، سردار تنویر الیاس کو وزیر اعظم لکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: عدلیہ کے خلاف بیان پر وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نااہل قرار
چیف جسٹس کا سردار تنویر الیاس کے وکلا سے کہنا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم ہیں تو اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں ہے؟ فیصلہ غلط یا ٹھیک ہوا اس پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی اپیل پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی۔ اور اعتراض میں کہا گیا کہ سردار تنویر الیاس کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن منسلک کیوں نہیں ہے۔
سردار تنویر الیاس وزیراعظم نہیں سابق وزیر اعظم ہیں، سابق وزیر اعظم کی لیگل ٹیم اعتراض دور کرنے کے لیے واپس روانہ ہو گئی۔
مزید پڑھیں: تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد خواجہ فاروق احمد قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر بن گئے
سابق وزیر اعظم کی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ ریشم خان اور سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ شامل ہیں۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی فیصلے کے خلاف تیسری درخواست
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے سپریم کورٹ میں وزارت عظمیٰ کےعہدے سے ہٹانے کے فیصلے کے خلاف تیسری بار درخواست دائر کردی۔
سردار تنویرالیاس نے کی درخواست پر رجسٹرار آفس اپیل نے جائزہ لینے کے بعد ان کی تیسری درخواست بھی واپس کردی۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا کہ درخواست میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کے کورٹ آرڈر کا ذکر نہیں ہے۔
تنویر الیاس کی وزارت عظمٰی سے ہٹانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پراعتراضات دور کردیئے گئے، جس کے بعد رجسٹرار سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں درخواست کی ابتدائی سماعت مقرر کردی۔ درخواست پرابتدائی سماعت کل ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔
آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیرِ اعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔
توہین عدالت کیس میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم بنایا گیا ہے۔
نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب تک خواجہ فاروق قائم مقام وزیرِ اعظم کے فرائض سرانجام دیں گے۔