توہین عدالت کیس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد قائم مقام وزیراعظم بن گئے۔
نئے قائد اعوان کے انتخاب تک خواجہ فاروق قائم مقام وزیراعظم کے فرائض سر انجام دیں گے۔
قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر کی سمری پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے دستخط کرکے سمری چیف سیکریٹری کو بجھوا دی۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے خواجہ فاروق احمد کو وزیر اعظم مقرر کرنے کی سمری کی منظوری کے بعد چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں آزاد کشمیر ہائیکورٹ کی جانب سے گزشتہ روز نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے نتیجے میں وزیراعظم کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 17 ون کے تحت موسٹ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد کو نئے وزیراعظم کے انتخاب تک وزیراعظم کے فرائض سرانجام دینے کی منظوری دی ہے۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب تک آزاد کشمیر قابینہ قائم رہے گی، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی طرف سے صوابدیدی عہدوں پر تعینات تمام مشیر، معاونین خصوصی اور وزیراعظم کے اسٹاف میں شامل تمام سیاسی افراد وزیراعظم کے نااہل ہوتے ہی خود بخود عہدوں سے فارغ ہوگئے ہیں۔
خواجہ فاروق احمد کا شمار آزاد کشمیر کے سینئر ترین پارلیمنٹرین میں ہوتا ہے جو 1975 میں پارلیمانی نظام کے تحت قائم ہونے والی آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
خواجہ فاروق احمد کئی بار آزاد کشمیر کابینہ میں وزیر رہ چکے ہیں ۔
وزیراعظم تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لئے آئینی وقانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس آج سپریم کورٹ آزاد کشمیر میں نااہلی کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
سینئر قانون دان سردار عبدالرازق خان تنویر الیاس کے وکیل ہوں گے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نئے وزیراعظم کے نام کے لئے آج اجلاس بلالیا ہے۔
اس سے پہلے عمران خان سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی، جس میں ایم ایل اے غلام محی الدین اور اہم کشمیری رہنما موجود تھے۔
عمران خان نے عبدالقیوم نیازی سے آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب پر اہم مشاورت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے تیسری مرتبہ پنجاب بار کونسل کے ممبر بننے والے چوہدری بابر وحید نے بھی ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
وکلاء نے ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی و خود مختاری اور جمہوریت کے تحفظ و استحکام کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کے مؤقف کی مکمل تائید کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے فل بینچ نے توہین عدالت کیس میں وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا اور ان کی غیر مشروط معافی کی درخواست بھی مسترد کردی گئی تھی۔
سردار تنویر الیاس حلقہ ایل اے 15 باغ سے الیکشن جیت کر اسمبلی میں آئے تھے، وہ 27 جولائی 2021 کو اسمبلی رکن منتخب ہوئے اور 18 اپریل 2022 کو انہوں نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔