Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 اپريل 2023 11:14am

یوم شہادت حضرت علیؓ آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علیؓ آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، جن میں عزاداری اور سینہ کوبی کررہے ہیں۔

یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

شرکاء کو صرف واک تھرو گیٹس کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی اور راستوں پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔

کراچی

یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

کراچی میں یوم شہادت حضرت علی کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر آنے والی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پراختتام پزیر ہوگا۔

جلوس کے روٹ پرآنے والی دکانیں سیل کردی گئی ہیں، ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا، کوریڈور تھری سے صدر آنے والی سڑک کوپارکنگ پلازہ سے بند کیا گیا ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لئے فول پروف انتظام کیے گئے ہیں، رینجرز اور پولیس کے 4 ہزارسے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی ۔

جلوس نشتر پارک سے ہوتے ہوئے سر شاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جیمز روڈ، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، ایم اے جناح روڈ دوبارہ، بولٹن مارکیٹ، بھاٹی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ اور حسینیہ ایرانی امام بارگاہ تک جاری رہے گا۔

ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈز اور انکلسریا چوک سے نشتر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ جانے والے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچنے کے لئے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور پھر گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

لیاقت آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے جیل روڈ اور مارٹن روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اسٹیڈیم روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ سے آنے کی اجازت ہوگی۔

یہ گاڑیاں شاہراہ قائدین سے شاہراہ فیصل تک دادا بھائی نورجی روڈ، کشمیر روڈ اور سوسائٹی لائٹ سگنل سے جا سکتی ہیں۔

گلبرگ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف موڑ دیا جائے گا، اس سے پہلے حبیب بینک فلائی اوور، اسٹیٹ ایونیو روڈ اور شیرشاہ سے ماڑی پور کی طرف روانہ کیا جائے گا۔

جلوس کے روٹ پر گرومندر چوک سے کسی قسم کی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

لاہور

لاہور میں یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہہ عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔

مبارک حویلی موچی گیٹ سے مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

شرکا کشمیری بازار سنہری مسجد کے باہر نماز ظہرین ادا کریں گے۔

جلوس کے دوران عزاداروں نے ماتم نوحہ خوانی اور زنجیرزنی کررہے ہیں۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سیکیورٹی کے لئے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔

تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، شرکا کی مقررہ راستوں پر آمد کے لئے واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ بھی جاری ہے۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں شہادت امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس رہائش گاہ سید نیرحسین زیدی سے برآمد ہوا۔

جلوس کشمیری بازار،فوارہ چوک اقبال روڈ ٹرنک بازارسے ہوتا ہوا سحری کے وقت امام بارگاہ کرنل مقبول پر اختتام پذیر ہوگیا۔

راولپنڈی پولیس کے ڈھائی ہزار اہلکار وافسران نے ڈیوٹی کے فرائض انجام دی۔

پشاور

پشاور میں یوم شہادت علی کرم اللہ وجہہ پر نماز مغرب کے بعد امام بارگاہ اخون آباد کوہاٹی میں مجلس منعقد ہوگی اور پھر جلوس ذوالجناح سے برآمد ہوگا۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے جبکہ پولیس کی بھاری نفری جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات رہے گی۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں یوم شہادت علی کا جلوس آج بعد نماز عشاء علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔

جلوس چوک شہدا سے برآمد ہوکر اپنے رایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ چوک شہدا پر اختتام پزیر ہوگا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر واقع دکانوں اور مارکیٹوں کو سیل کیا جائے گا۔

یوم علیؓ : ڈی جی رینجرز کا سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے یوم علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈی جی رینجرز کو علاقہ سیکٹرز کمانڈرز کی جانب سے امام بار گاہوں اور جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کے بارے میں مکمل بر یفنگ دی گئی۔

مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ۔

Read Comments