وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ روس سے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں، جلد پاکستان کو تیل ملنا شروع ہو جائے گا۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں سپریم کورٹ سے متعلق بل پر گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پارلیمان کا کام عدالت کرنا چاہتی ہے تو ایگزیکٹو چلا لے، اگر آئین سازی اور قانون سازی عدلیہ نے کرنی ہے تو ضرور کریں۔
مصدق ملک نے کہا کہ پارلیمان قانون بناتی چلی جائے گی اور عدالت اسے ختم کرتی جائے گی، البتہ معاملہ پارلیمان کے سامنے رکھ دیا ہے، اب جو پارلیمان چائے گی ایگزیکٹو وہی کرے گی۔
روس سے تیل کی برآمد کے حوالے سے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ روس سے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں، لہٰذا جلد ہی روس سے تیل پاکستان آجائے گا۔
اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری لوگ آپ کے مسائل حل نہیں کر سکتے، آئین پر عمل نہیں ہو رہا اور یہ لوگ حالات ٹھیک نہیں کر پا رہے، آئین کا احترام نہ کیا تو ملک کیسے چلے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ فیصلے کے خلاف حکومت نکل آئی، حکومت الیکشن سے فرار ہو کر بغاوت کی طرف جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات پر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عمرن خان نے کہا مذاکرات کے لیے تیار ہوں لیکن کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا۔