Aaj Logo

شائع 11 اپريل 2023 10:42pm

اگر آئین میں کوئی گنجائش ہوئی تو الیکشن اکتوبر سے آگے بڑھا دیں گے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اگر آئین میں کوئی گنجائش ہوئی تو انتخابات اکتوبر سے بھی آگے بڑھا دیں گے۔

ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی انارکی عمران خان کے رویے کی وجہ سے ہے، عمران نے اسمبلیاں سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر توڑیں، ہم آئین کے تقاضوں کو پورا کریں گے۔

الیکشن پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 14 یا 16 اگست کو مدت پوری ہونے پر نگراں سیٹ اپ آئے گا، آئین میں کوئی گنجائش ہوئی تو انتخابات آگے بڑھادیں گے کیونکہ عمران خان فتنہ ہے، کیا معلوم کوئی نئی مشکل پیدا کردے۔

رانا ثناء نے کہا کہ عمران یہ کہے کہ نگراں سیٹ اپ قابل قبول نہیں یا انہوں نے مجھے قتل کرنے کا پلان بنالیا ہے، لہٰذا جب تک لوگ عمران خان کو مائنس نہیں کریں گے یہ سیاسی استحکام نہیں آنے دے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی ڈکٹیشن پر الیکشن نہیں کرائیں گے بلکہ انتخابات آئین کے مطابق ہونے دیں گے، عمران خان ایک سیاستدان بنیں، سیاستدانوں سے بات کریں تو معاملہ بہت پہلے حل ہو سکتا تھا، البتہ نیشنل ڈائیلاگ ہوں تو معاملہ حل ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔

سپریم کورٹ سے ایک بار پھر فُل کورٹ کی استدعا کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فُل کورٹ کے فیصلے کو سب تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر یہ نہیں ہوتا تو ہم پارلیمان کے ساتھ کھڑے ہیں، اس کے لیے جو بھی نتائج ہوں تو پھر ٹھیک ہے۔

Read Comments