اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں سال پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری مزید بڑھنے کی پیشگوئی کردی۔
آئی ایم ایف کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال شرح ترقی صفر اعشاریہ 5 فیصد رہے گی جب کہ 2024 میں شرح ترقی 3 اعشاریہ 5 فیصد ہوگی۔
آئی ایم ایف نے رپورٹ میں پیشگوئی کی کہ پاکستان میں سی پی آئی انڈیکس 27 اعشاریہ چار فیصد ہوگا اور رواں سال ترقی پزیر ممالک میں پاکستان سب سے زیادہ مہنگا رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئیندہ سال اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئے گی جب کہ 2024 میں پاکستان میں سی پی آئی انڈیکس 16 اعشاریہ 4 فیصد ہوگا۔
مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ رواں برس پاکستان میں بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا، بے روزگاری کی شرح 7 فیصد رہے گی جس میں اگلے سال کمی آجائے گی۔