رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام ہوگیا، تیسرا عشرہ شروع ہوتے ہی ہزاروں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے۔
رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ شروع ہوگیا، ملک کے مختلف شہروں میں نمازعصر کے بعد فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے۔
روتے گڑگڑاتے آنسو بہاتے گناہوں کی مغغرت کی دعاؤں کے ساتھ معتکفین ملک کی سلامتی ، خوشحالی اور ترقی کے لئے بھی دعائیں مانگیں گے۔
رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں اور آخری عشرے میں خصوصی عبادات اور جہنم سے آزادی کی دعاؤں کے ساتھ شہر اقتدار کی چھوٹی بڑی مساجد میں لاکھوں فرندان اسلام اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے مساجد میں پہنچ گئے۔
وفاقی دارالحکومت کی مرکزی فیصل مسجد میں بھی 450 کے قریب افراد اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ معتکفین کا کہنا ہے کہ اعتکاف کرنا ویسے ہی اجر کا کام ہے لیکن فیصل مسجد میں اعتکاف کرنا بڑی سعادت کی بات ہے۔ فیصل مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے اورجانچ پڑتال کے بعد ساڑھے چار سو افراد کیلئے اعتکاف کیلئے انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام مساجد کی طرح فیصل مسجد میں بھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری طرف لاہور کی مشہور داتا دربار مسجد میں 1700 شہری اعتکاف میں بیٹھ گئے جبکہ منہاج القرآن میں 6000 افراد سنت اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ اور بادشاہی مسجد میں بھی 6000 شہری اعتکاف میں بیٹھ گئے۔
کراچی میں فیضان مدینہ اور میمن مسجد سمیت دیگر مساجد میں بھی ہزاروں افراد سنت اعتکاف کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ مساجد میں شب قدر کی تلاش میں طاق راتوں میں خصوصی عبادات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں جہاں اجتماعی اعتکاف کیا جارہا ہے وہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔